5 سال میں 200ارب کی لاگت سے 5000 الیکٹرک بسیں، مریم نواز نے شہباز شریف کو کیسے پیچھے چھوڑ دیا، حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے

لاہور( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں جدید، ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری میں الیکٹروبس سروس کا باقاعدہ ڈیجیٹل افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ان پانچوں اضلاع کے عوام اور منتخب نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم قائم کیا جا رہا ہے۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹروبسیں سروس کا حصہ بنیں گی، جبکہ رواں مالی سال کے دوران مزید 1500 الیکٹروبسیں پنجاب پہنچیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ 15 اگست تک تمام 1100 بسیں پنجاب پہنچ جائیں اور اگست کے اختتام تک مکمل طور پر فنکشنل کر دی جائیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری میں مجموعی طور پر 10 روٹس پر 51 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ جولائی کے آخر تک پنجاب کے مزید 9 اضلاع میں 101 نئی بسیں بھی سڑکوں پر آ جائیں گی۔ اس وقت پنجاب کے 24 اضلاع میں 500 الیکٹروبسیں عوام کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ کو مختلف اضلاع کے روٹس سے بھی آگاہ کیا گیا۔ لیہ میں جنرل بس اسٹینڈ سے پہاڑ پور اور تحصیل اسپتال تک، چنیوٹ میں تحصیل چوک سے بھوانہ اور لالیاں تک، اوکاڑہ میں ساہیوال بائی پاس، کے ایف سی بائی پاس، جنرل بس اسٹینڈ اور شیر گڑھ براستہ اخترآباد، سیالکوٹ میں جنرل بس اسٹینڈ سے ڈسکہ اور پسرور جبکہ مری میں جنرل بس اسٹینڈ سے کوٹلی ستیاں اور 17 میل تک الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔

مریم نواز شریف نے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی، جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو الیکٹروبس اسٹینڈز کی تعمیر و بحالی کی نگرانی اور ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز کو منصوبے میں درپیش مسائل کے فوری حل کی ہدایت بھی جاری کی۔

اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ الحمدللہ پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑاماس ٹرانسپورٹ سسٹم قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں الیکٹروبس منصوبہ عوام میں بے حد مقبول ہو چکا ہے اور دور دراز و پسماندہ علاقوں کے لوگ بھی جدید، آرام دہ اور ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں سفر سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹروبس منصوبہ تقریباً 200 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا عوامی میگا پراجیکٹ ہے اور ان کی خواہش ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں پنجاب بھر میں کم از کم 5000 الیکٹروبسیں چل رہی ہوں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ طلبہ، خواتین اور بزرگ شہری الیکٹروبس پر مفت سفر کر رہے ہیں، جبکہ روزانہ مسافروں کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور ہر ہفتے اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، ملتان، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب اور نارووال میں بھی جولائی کے آخر تک الیکٹروبس سروس شروع کر دی جائے گی۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آج پنجاب کے عوام جدید ترین سفری سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں اور الیکٹروبس سسٹم پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کا سب سے بڑا عوامی پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک بن چکا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے