لاہور ( پنجاب پوسٹ ) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں اوور اسپیڈنگ کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق محفوظ پنجاب کے وژن کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق رواں ماہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں اوور اسپیڈنگ کے رجحان میں 29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ اوور اسپیڈنگ کے مرتکب ایک ہزار سے زائد شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کا عمل جاری ہے اور 700 سے زائد اوور اسپیڈنگ گاڑیوں کو ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل سواروں، نجی اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے حد رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ رفتار کی جانچ کے لیے اسپیڈ گن مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اوور اسپیڈنگ کے خلاف مسلسل کارروائیوں کے باعث ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کے سفر کو محفوظ، آسان اور قانون کے مطابق بنانا ہے۔
محمد وقاص نذیر نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر رہی ہے اور "محفوظ پنجاب، محفوظ سڑکیں، محفوظ سفر” کے مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔










