لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ بار کے جاوید اقبال آڈیٹوریم میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک کے سلسلے میں انصاف لائرز فورم کے بانی رکن شاداب جعفری کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ملک آصف نسوانہ، اسد منظور بٹ، سابق صدر لاہور بار رانا انتظار، افضال عظیم پاہٹ، وکیل رہنما میاں ساجد سمیت دیگر وکلاء اور رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ شاداب جعفری نے تقریب میں شرکت پر جاوید ہاشمی کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین سال سے قید میں ہیں لیکن کبھی بیماری کا بہانہ نہیں بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی ہی ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تقریب کے دیگر مقررین میں شاداب جعفری، ملک آصف نسوانہ، رانا انتظار، افضال عظیم پاہٹ اور اسد منظور بٹ شامل تھے، جبکہ تقریب میں وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے اظہارِ یکجہتی کیا۔










