بہاولپور( پنجاب پوسٹ) جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ساؤتھ ایئر نے کراچی، بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان اپنی باقاعدہ ملکی پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق نئی فضائی سروس کے آغاز سے بہاولپور براہِ راست ملک کے معاشی مرکز کراچی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے منسلک ہو جائے گا، جس سے جنوبی پنجاب کے لاکھوں شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور آسان سفری سہولت میسر آئے گی۔
اعلامیے کے مطابق نئی پروازوں سے کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں روابط کو فروغ ملنے کی توقع ہے، جبکہ طلبہ، تاجروں، سرکاری ملازمین اور دیگر مسافروں کے لیے سفر پہلے سے زیادہ سہل ہو جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب طویل عرصے سے بہتر فضائی رابطوں کا منتظر تھا۔ساؤتھ ایئر کی جانب سے اس روٹ کا آغاز نہ صرف عوامی سفری سہولیات میں اضافہ کرے گا بلکہ خطے کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور قومی رابطوں کو بھی مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔













