لاہور(پنجاب پوسٹ) ہائیکورٹ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) لاہور میں ایم ایس پروگرام میں داخلہ نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے یونیورسٹی کے وکیل کے بیان کی روشنی میں کارروائی مکمل کرتے ہوئے درخواست گزار کو ریلیف فراہم کر دیا۔ کیس کی سماعت جسٹس خالد اسحاق نے کی جبکہ طالبہ ایمان عمران کی جانب سے ایڈووکیٹ صفدر شاہین پیرزادہ پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی حد تک آن لائن داخلہ پورٹل دوبارہ کھول دیا جائے گا تاکہ وہ ایم ایس پروگرام میں داخلے کے لیے اپنی درخواست جمع کرا سکے۔ اس یقین دہانی کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ وہ ایم ایس پروگرام میں داخلہ لینا چاہتی تھیں اور یونیورسٹی نے تمام درخواستیں آن لائن جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم داخلوں کے دوران انٹرنیٹ میں خرابی پیدا ہوگئی جس کے باعث وہ مقررہ وقت میں درخواست جمع نہ کرا سکیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ اگرچہ یونیورسٹی نے داخلوں کی آخری تاریخ 7 جولائی تک بڑھا دی تھی، لیکن اس کے بعد بھی انٹرنیٹ کا مسئلہ برقرار رہا، جس کی وجہ سے درخواست گزار داخلے سے محروم رہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت یونیورسٹی کو ایم ایس پروگرام میں داخلہ دینے کا حکم جاری کرے۔












