لاہور( پنجاب پوسٹ) والٹن روڈ پر شادی سے انکار پر ایک شخص نے مبینہ طور پر خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر اسے آگ لگا دی۔ واقعے میں خاتون جھلس گئی جبکہ ملزم بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون اور زخمی ملزم کو فوری طور پر جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا، جہاں خاتون کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا، متاثرہ خاتون کی عیادت کی اور علاج سے متعلق ایم ایس، ڈاکٹروں اور ہسپتال انتظامیہ سے بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خاتون کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ریس کورس میں خواجہ سراؤں پر مبینہ تشدد، وزیر قانون کا نوٹس
حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق متاثرہ خاتون اپنے چار سالہ بیٹے کو مدرسے میں داخل کروانے جا رہی تھی کہ راستے میں ملزم نے اسے روک کر مبینہ طور پر ہراساں کیا۔ خاتون کے شور مچانے پر ملزم نے اس پر آتش گیر مادہ پھینک دیا، جس سے اس کا چہرہ، بال اور جسم کے مختلف حصے جھلس گئے۔
ان کے مطابق ملزم متاثرہ خاتون پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا، تاہم خاتون کے انکار پر اس نے یہ اقدام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم پہلے بھی دو شادیاں کر چکا تھا اور مبینہ طور پر متاثرہ خاتون سے خلع لے کر شادی کرنے کا مطالبہ کرتا تھا۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ فیکٹری ایریا میں درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاتون کو قانونی، طبی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی، جبکہ خواتین پر تشدد اور ہراسگی میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔








