لاہور( پنجاب پوسٹ ) کیا دنیا بھر میں مشہور پاکستان کا پنک سالٹ اب صرف کانوں سے نکل کر خام مال کی صورت فروخت نہیں ہوگا، بلکہ "میڈ اِن پاکستان” برانڈ کے طور پر عالمی منڈی میں اپنی شناخت بنائے گا؟ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسی وژن کے تحت چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا ہے، جس کا مقصد پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن، صنعت کاری، برآمدات اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون قائم کیا جائے گا، جہاں 200 سے زائد صنعتی یونٹس لگیں گے۔ اس منصوبے سے 150 ملین روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ 10 ہزار افراد کے لیے براہِ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
حکام کے مطابق سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سینٹر اور ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیے جائیں گے۔ نئی سکیم کے تحت سالٹ پراسیسنگ، گرائنڈنگ، ریفائننگ، کلیننگ، پیکجنگ اور ایکسپورٹ معیار کی مشینری کے لیے 50 لاکھ سے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جن کی واپسی آسان اقساط میں پانچ سال کے اندر ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پاکستان سالانہ 300 ملین ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پنک سالٹ کی بولی 471 ملین روپے تک پہنچی، جبکہ دوسرے مرحلے میں 2.5 ارب روپے کی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں۔ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میں لیز اور لائسنس کی نیلامی کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے بھی ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنک سالٹ پر اب "میڈ اِن پاکستان” ہی لکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان کی شفاف اور ایماندارانہ حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے ذریعے پنک نمک کی پیکنگ، پراسیسنگ اور ڈیکوریشن مصنوعات کی عالمی برآمدات میں اضافہ ہوگا، جس سے صنعت، روزگار اور قومی معیشت کو مضبوط بنیاد ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پنجاب کو دنیا کے بہترین پنک سالٹ ذخائر سے نوازا ہے، اور پاکستان کا پنک سالٹ اپنی اعلیٰ کوالٹی اور منفرد معدنی خصوصیات کی وجہ سے دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں سے اپیل کی کہ وہ مائنز اینڈ منرلز کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست دے کر اس منصوبے سے فائدہ اٹھائیں۔










