اسلام (پنجاب پوسٹ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری حافظ میاں محمد نعمان نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بارے میں عمومی تاثر ایک دانش مند، معتبر مزاج اور نپی تلی گفتگو کرنے والی شخصیت کا ہے، تاہم قصور کے جلسے میں اداروں اور شہدا کے حوالے سے استعمال کیے گئے الفاظ ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس بیان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہی ہے، جبکہ تنخواہوں کے معاملے پر کی گئی گفتگو بھی مناسب نہیں تھی۔
حافظ میاں محمد نعمان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ تمام اسلامی سلطنتیں ایک منظم نظام کے تحت چلتی رہی ہیں، اس لیے تاریخی حقائق کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ جو لوگ تنخواہ لیتے ہیں انہیں خدانخواستہ "کرائے کی فوج” کہا جائے۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے الفاظ واپس لیں، قوم، افواجِ پاکستان، شہدا کے لواحقین اور پاکستانی عوام سے معذرت کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں اور شہدا کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف قرارداد جمع، پاک فوج سے متعلق بیانات کی مذمت













