لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پروگرام مینجمنٹ یونٹ میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک، ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 49 شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر بلدیات نے بتایا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لیے منظور کیے گئے 105 انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس میں سے 82 پر سو فیصد جبکہ 22 ٹینکس پر 70 فیصد تک تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون کے اختتام تک 51 ٹینکس مکمل ہوئے تھے، جبکہ جولائی کے وسط تک مزید 31 زیر زمین واٹر ٹینکس تعمیر کر لیے گئے ہیں۔ذیشان رفیق نے اجلاس کو بتایا کہ 124 ڈرینز کی تعمیر میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور مجموعی طور پر 51 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ، کونسے شہر کی کارکردگی بہترین رہی؟
جون تک 27 ڈرینز مکمل ہوئی تھیں، جبکہ جولائی میں مزید 63 ڈرینز پر سو فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے، اور 26 ڈرینز پر 70 سے 90 فیصد تک تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر بلدیات نے متعلقہ حکام کو باقی ماندہ ڈرینز کی تعمیر میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس اور ڈرینز کی تعمیر ایک مشکل مرحلہ تھا، تاہم گلیوں، سیوریج اور پارکس کی تعمیر و مرمت کے کام جلد مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








