پنجاب میں غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید QR پینک بٹن سسٹم متعارف

لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "محفوظ پنجاب” وژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم ڈیجیٹل اقدام کرتے ہوئے جدید QR پینک بٹن سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ہنگامی حالات میں غیر ملکی شہریوں کو فوری مدد فراہم کرنا، پولیس رسپانس کو تیز بنانا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق صوبہ بھر میں غیر ملکی شہریوں کی رہائش گاہوں اور کام کرنے کی جگہوں پر QR پینک بٹن نصب کیے جائیں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں غیر ملکی شہری صرف QR کوڈ اسکین کرکے براہِ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے رابطہ قائم کر سکیں گے، جہاں انہیں 15 ایمرجنسی، لائیو چیٹ، ویڈیو کال اور اپنی لوکیشن شیئر کرنے جیسی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔

سیف سٹی حکام کے مطابق QR پینک بٹن فعال ہوتے ہی متعلقہ شہری کی لائیو لوکیشن اور دیگر ضروری معلومات فوری طور پر سیف سٹی کنٹرول روم کو موصول ہوں گی، جس کے بعد پولیس اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (SPU) کو فوری کارروائی کے لیے متحرک کیا جائے گا تاکہ بروقت امداد اور مؤثر سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ جدید نظام غیر ملکی شہریوں، سیف سٹی اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے درمیان فوری اور مؤثر رابطے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کے سمارٹ سیف سٹی کنٹرول رومز کو بھی اس QR پینک بٹن سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے ڈیجیٹل سکیورٹی، اسمارٹ پولیسنگ، جدید سرویلنس اور فوری رسپانس کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے