لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ اور غیرقانونی شکار کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایات پر پنجاب وائلڈلائف نے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے نایاب جانوروں اور پرندوں کو ریسکیو کیا، جبکہ متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور میں شاد باغ کے علاقے میں کامیاب چھاپے کے دوران غیرقانونی تجارت کے لیے رکھے گئے 225 گھریلو چڑیاں برآمد کر لی گئیں، جنہیں عدالتی حکم پر آزاد کر دیا گیا۔
خوشاب میں ریسکیو کیے گئے نایاب پینگولن کو طبی معائنے کے بعد اس کے قدرتی مسکن میں چھوڑ دیا گیا، جبکہ لاہور چڑیا گھر میں طوطوں کی خصوصی نگہداشت اور افزائشِ نسل کا پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور، واٹر پارک میں کم سن بچی کا ڈوبنے کا واقعہ، ابتدائی رپورٹ میں کیا بتایا گیا ہے؟
پنجاب وائلڈلائف کے مطابق کارروائیوں کے دوران جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار اور تجارت میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ چار ملزمان کو مجموعی طور پر 62 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ تین ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نارووال میں جنگلی سور کے غیرقانونی شکار پر تین افراد کو گرفتار کر کے 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ راجن پور میں تیتر کے بچوں کو پکڑنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
پنجاب وائلڈلائف کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار اور تجارت کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ نایاب جانوروں اور پرندوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔








