ون وے کی خلاف ورزی، دو مشکوک افراد کی پولیس پر فائرنگ کرنے والے کون نکلے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) کے علاقے شاہدرہ میں چوکی بیگم کوٹ پولیس کی ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں نے رکنے کے اشارے پر پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے بعد پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ تعاقب کے دوران ملزمان کی موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق شاہدرہ چوکی بیگم کوٹ کی پولیس معمول کی ناکہ بندی پر موجود تھی کہ اس دوران ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ تاہم ملزمان نے پولیس کی ہدایت پر عمل کرنے کے بجائے قریب سے جان سے مارنے کی نیت سے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے فوری طور پر ملزمان کا تعاقب کیا اور اپنی حفاظت کے لیے جوابی کارروائی کی۔ فرار کے دوران ملزمان تیز رفتاری اور مسلسل فائرنگ کے باعث موٹر سائیکل پر قابو نہ رکھ سکے اور فٹ پاتھ سے ٹکرا کر گر گئے۔پولیس کے مطابق ایک ملزم زخمی حالت میں موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل دوبارہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے بتایا کہ گرفتار زخمی ملزم کی شناخت خرم شہزاد کے نام سے ہوئی ہے، جو موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ملزم ہے۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے