پسرور: (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پسرور کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ایڈمن بلاک میں 26 ڈگری سے کم درجہ حرارت پر چلنے والے ایئر کنڈیشنرز پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر صحت نے نشاندہی کی کہ افسران اور اہلکار کمروں میں موجود نہیں تھے، اس کے باوجود اے سی چل رہے تھے۔
خواجہ عمران نذیر نے ڈرگز اسٹور روم میں ایئر کنڈیشنر کی عدم دستیابی پر بھی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اے سی نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دوسرے ہسپتال ریفر کیے گئے مریض کے لیے سرکاری ایمبولینس نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
ہسپتال میں بدانتظامی پر صوبائی وزیر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو معطل کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ سینٹری ورکرز اور سیکیورٹی عملے کو تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کمپنیوں کو تین روز کے اندر ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت کی واضح ہدایت ہے کہ سرکاری دفاتر میں 26 ڈگری سے کم پر اے سی نہیں چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں توانائی کا بحران ہے، اس لیے سرکاری وسائل کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی خواتین ذیادتی کیس: ملزمان چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتالوں کے دورے کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ ہسپتال آئے تھے، تاہم بدانتظامی دیکھ کر افسوس ہوا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم پی اے رانا فیاض کی درخواست پر پسرور ٹی ایچ کیو ہسپتال آئے ہیں اور ہسپتال کی ری ویمپنگ کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے سہولیات فراہم کی ہیں، اب یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ان کا فائدہ عوام تک پہنچے۔
خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ ایڈمن کے غیر ضروری کمروں کو ختم کرکے مریضوں کے لیے استعمال میں لایا جائے گا، کیونکہ علاج معالجہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کا مؤثر نظام قائم کیا جا چکا ہے اور مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جا رہا ہے۔











