وزیر اعلیٰ کا مثالی "گاؤں پراجیکٹ ” کی وہاڑی کے علاقے نے قلعی کھول دی

وہاڑی (پنجاب پوسٹ) وہاڑی کے نواحی گاؤں چک نمبر 22 ڈبلیو بی کے مکین بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف سراپا احتجاج ۔ مسلم اور مسیحی برادری پر مشتمل آبادی کا کہنا ہے کہ وہ پینے کے صاف پانی، سیوریج کے مؤثر نظام اور پختہ سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق نکاسیٔ آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث گندا پانی گلیوں اور محلوں میں جمع رہتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر لوگ سیوریج سے آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگوں میں پیٹ اور جلد سمیت مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں، تاہم متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات نہیں کر رہے۔

یہ بھی پڑھیں:مجھے مثالی گاؤں نہیں چاہیے، مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نے مریم نواز کا منصوبہ اڑا کر رکھ دیا

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گاؤں کی خستہ حال سڑکیں آمدورفت میں مشکلات کا باعث ہیں، جبکہ بارش کے دوران گلیاں زیرِ آب آ جاتی ہیں، جس سے طلبہ، خواتین اور بزرگ شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ صفائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔اہلِ علاقہ نے الزام عائد کیا کہ متعدد بار ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو مسائل سے آگاہ کیا گیا، تاہم اب تک کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔

مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی، ضلعی انتظامیہ، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں صاف پانی کی فراہمی، جدید سیوریج نظام، صفائی کے مؤثر انتظامات اور پختہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے