لاہور( پنجاب پوسٹ) لاہور پولیس کا ناجائز اسلحہ، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں 3 ہزار 960 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اس حوالے سے 3 ہزار 953 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ہوائی فائرنگ میں ملوث 171 افراد کو گرفتار کر کے 136 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ اسلحے کی نمائش پر 20 ملزمان کو گرفتار اور 17 مقدمات کا اندراج کیا گیا
یہ بھی پڑھیں:ڈرگ فری پنجاب: 26 ہزار سے زائد منشیات کے بڑے ڈیلرز اور اسمگلرز گرفتار
۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس شہر کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کرنے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ناجائز اسلحہ، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
سی سی پی او نے متعلقہ افسران کو شہر میں ڈالہ کلچر، اسلحے کی نمائش اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور امن و امان کے قیام میں پولیس سے تعاون کریں ۔









