لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب میں مون سون بارشوں کی شدت اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے بھر کے تمام چیف ٹریفک افسران سی ٹی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران ڈی ٹی اوز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ مقصد صرف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا نہیں بلکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
بارش کے بادل جیسے ہی پنجاب کے آسمان پر چھانے لگے، ٹریفک پولیس بھی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں آ گئی۔ محمد وقاص نذیر نے واضح ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں ٹریفک افسران ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کا فوری اور مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے بارے میں کیا کہا؟
انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور بارش سے متاثر ہونے والے مقامات پر خصوصی ٹریفک ڈیوٹی تعینات کی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جہاں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہو وہاں بروقت بیریئرز، وارننگ سائنز اور ٹریفک ڈائیورژن لگا کر عوام کی رہنمائی کی جائے، جبکہ ممکنہ فلڈ الرٹس اور بند راستوں سے متعلق بروقت آگاہی بھی فراہم کی جائے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی اہم شاہراہوں سمیت داخلی اور خارجی راستوں پر ہر صورت ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے۔ اگر کسی مقام پر بارش کے باعث سڑک بند ہو جائے تو ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے فوری متبادل راستوں کی نشاندہی اور تشہیر کی جائے تاکہ شہری بلا تعطل اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مرکزی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی صورت میں ٹریفک عملہ فوری طور پر متعلقہ محکموں کو اطلاع دے تاکہ نکاسی آب کا عمل جلد مکمل ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ لفٹر اور بریک ڈاؤن سروسز کو بھی مکمل طور پر فیلڈ میں فعال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ خراب یا پھنس جانے والی گاڑیوں کو فوری ہٹایا جا سکے۔
محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں اور امدادی اداروں، ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستے ہر حال میں کھلے رکھے جائیں۔ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز اپنے فیلڈ افسران کے ہمراہ ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں تاکہ کسی بھی غفلت کی گنجائش نہ رہے۔
انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت دی کہ دورانِ ڈیوٹی اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے چھتریوں اور برساتیوں کا استعمال کریں اور شہریوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔
آخر میں ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ٹریفک پولیس پنجاب مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کے تحفظ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ عوام سے بھی اپیل ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔









