لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی کے علاقوں گوالمنڈی میں 36، نیو کٹاریاں میں 35، شمس آباد میں 23، کچہری میں 21 اور پیرودھائی میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گجرات میں 28، سیالکوٹ میں 24، مری میں 19، اٹک میں 19، چکوال میں 4، لاہور میں 3 اور منڈی بہاؤالدین میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں:پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیش گوئی، کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز اور صوبائی کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو مشینری اور عملے سمیت الرٹ رہنے، نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہنے سے گریز کریں اور بچوں کو جمع شدہ بارشی پانی کے قریب نہ جانے دیں۔پی ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہریوں کو ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔








