اسلام آباد(پنجاب پوسٹ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی 9ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین آج سے شروع ہو رہی ہے۔ دو روزہ کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک سے وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور خواتین رہنماؤں سمیت تقریباً 190 مندوبین شرکت کریں گے۔
کانفرنس کے دوران خواتین کے سماجی حقوق، بااختیار بنانے اور رکن ممالک کے درمیان تعاون سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔رکن ممالک کے وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفود کا استقبال کیا۔
مزید پڑھیں:پاکستانی طلبہ کی عالمی سطح پر کامیابی، IEO 2026 کے لیے کوالیفائی
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پہلی بار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی 9ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی کر رہا ہے، جو ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہیں، جبکہ مختلف تکنیکی ورکنگ گروپس کے اجلاس آج جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارتی اجلاس کل ہوگا، جس میں وزارتی وفود اور مبصرین شرکت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے دوران چیئرمین شپ مصر سے پاکستان کو منتقل ہوگی، جس کے بعد پاکستان آئندہ دو برس کے لیے او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی صدارت سنبھالے گا۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد خواتین کو مساوی حقوق، بااختیار بنانے اور ان کی سماجی و معاشی ترقی سے متعلق امور پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہے۔ اجلاس میں خواتین کو درپیش چیلنجز، مختلف رکن ممالک کے تجربات اور پاکستان میں خواتین کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات بھی پیش کیے جائیں گے۔
اعظم نذیر تارڑ کے مطابق وزیراعظم افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وفاقی وزیر شزا فاطمہ اور خواتین کی بڑی تعداد بھی کانفرنس میں شریک ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جو خواتین کے حقوق اور بااختیار بنانے سے متعلق مشترکہ عزم کی عکاسی کرے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ وزارتِ خارجہ نے کانفرنس کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ وزارتِ اطلاعات اور وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کے تعاون کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دوسرا بڑا بین الاقوامی فورم ہے اور پاکستان صدارت کی ذمہ داری احسن انداز میں نبھاتے ہوئے خواتین کے حقوق کے ایجنڈے کو مزید آگے بڑھائے گا۔








