لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان نیشنل اکنامکس کمپیٹیشن (PNEC) کے قومی انتخابی مرحلے کے بعد پانچ پاکستانی طلبہ نے بین الاقوامی اکنامکس اولمپیاڈ (IEO) 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس عالمی مقابلے کا انعقاد 12 سے 20 جولائی 2026 تک چین کے شہر شینژن میں ہو منعقد گا۔
منتخب ہونے والے طلبہ میں انداز ذوالفقار چاولہ، مریم بلال، ایم احمد کاشف، ایم حمزہ اور عالیہ بشیر شامل ہیں۔جنہوں نے سخت مقابلے کے بعد قومی تیم میں جگہ بنائی۔
منتظمین کے مطابق طلبہ کا انتخاب چار مرحلوں پر مشتمل سخت اور شفاف عمل کے ذریعے کیا گیا، جس میں اکنامکس کا تحریری امتحان، ٹیم پر مبنی بزنس کیس اسٹڈی اور حتمی انٹرویو شامل تھے۔ امیدواروں کا جائزہ سینئر مالیاتی ماہرین کے پینل نے لیا، اولمپیاڈ سے قبل قومی ٹیم کی تربیت بھی جاری ہے۔جبکہ شاہ ولی نجمی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے رہنمائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ برس آذربائیجان کے شہر باکو میں ہونے والے بین الاقوامی اکنامکس اولمپیاڈ 2025 میں اپنی تاریخ کا پہلا سلور میڈل اور متعدد برونز میڈلز حاصل کیے تھے، جبکہ عالمی درجہ بندی میں بھی نمایاں بہتری حاصل کی تھی۔
حکام کے مطابق پاکستان نیشنل اکنامکس کمپیٹیشن کا یہ پروگرام حکومتِ پنجاب کے مالی تعاون سے جاری ہے۔ بین الاقوامی اکنامکس اولمپیاڈ دنیا کا سب سے بڑا سالانہ معاشیات کا مقابلہ ہے، جس میں 74 ممالک کے ہائی اسکول طلبہ شرکت کرتے ہیں۔













