لاہور(پنجاب پوسٹ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور کی تمام عدالتوں کو ایک ہی مقام پر یکجا کرنے کے لیے نئے جوڈیشل کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ سنگِ بنیاد کی تقریب سیشن کورٹ لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز رضوی، سیشن جج لاہور طارق خورشید، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر احسن بھون، صدر لاہور بار ایسوسی ایشن عرفان حیات باجوہ، ضلعی عدلیہ کے ججز، سینئر وکلا، عدالتی افسران اور بڑی تعداد میں قانونی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی طلبہ کی عالمی سطح پر کامیابی، IEO 2026 کے لیے کوالیفائی
اس موقع پر مقررین نے منصوبے کو لاہور کے عدالتی نظام میں ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے جوڈیشل کمپلیکس کے قیام سے شہر کی مختلف مقامات پر قائم عدالتوں کو ایک ہی جدید اور مربوط کمپلیکس میں منتقل کیا جائے گا، جس سے سائلین، وکلا اور عدالتی عملے کو سہولت میسر آئے گی، مقدمات کی سماعت کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور انصاف کی بروقت اور مؤثر فراہمی کو مزید یقینی بنایا جا سکے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک نئی عمارت کی تعمیر نہیں بلکہ عدالتی نظام کی جدید خطوط پر تنظیمِ نو کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں انصاف کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانے، عدالتی انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک پائیدار قومی اثاثہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت عدلیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ جدید، مؤثر اور عوام دوست عدالتی نظام کے قیام کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکے۔











