کیا پنجاب یوتھ گیمز کھیلوں کے میدان میں ایک نئے عہد کا آغاز کرنے جا رہا ہے؟سی ایم پنجاب کا بڑا منصوبہ

لاہور (پنجاب پوسٹ ) پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں میگا سپورٹس ایونٹ کے انتظامات، کھیلوں کے مقابلوں اور شرکاء کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وسیم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی سپورٹس پنجاب کو یوتھ گیمز میں شامل مختلف سپورٹس ڈسپلن اور مقابلوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

محمد طارق قریشی نے بتایا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز میں سکول سطح پر ریسلنگ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ سکول لیول پر مجموعی طور پر 6 کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں مڈل، ہائی، نان فارمل، پرائیویٹ سکولز اور دینی مدارس کے طلبہ و طالبات بھی حصہ لیں گے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب کے مطابق سکول سطح کے مقابلوں میں 68 ہزار سے زائد اداروں کے طلبہ و طالبات کی شرکت متوقع ہے، جبکہ مجموعی طور پر ساڑھے 12 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات ان مقابلوں کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز پنجاب کی تاریخ کا ایک بڑا سپورٹس ایونٹ ثابت ہوں گے، جو نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔

محمد طارق قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے یوتھ گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں میں نظم و ضبط، اعتماد اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔

دوسری جانب سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمیز میں بچوں کی تربیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے باڈی کنٹیکٹ سپورٹس سنٹر میں قائم باکسنگ اکیڈمی میں گرلز اور بوائز کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔

سی ایم پنجاب باکسنگ اکیڈمی میں 75 گرلز اور بوائز حصہ لے رہے ہیں، جہاں کوچ محمد ایوب بچوں کو باکسنگ کی بنیادی تکنیکس اور کھیل کے اصول سکھا رہے ہیں۔ تربیتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے درمیان مقابلے بھی کروائے جا رہے ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمیز کے ذریعے بچوں کو مختلف کھیلوں میں مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں قائم 19 سپورٹس اکیڈیمیز میں کھلاڑیوں کی تربیت جاری ہے، جبکہ یہ اکیڈیمیز پنجاب کے تمام ڈویژنز تک پھیلائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمیز میں تقریباً 2500 گرلز اور بوائز تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ان اکیڈیمیز کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کرنا، انہیں جدید تربیت فراہم کرنا اور مستقبل کے بہترین کھلاڑی تیار کرنا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے