لاہور ( پنجاب پوسٹ )لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی ہی بیوی کو سرِ عام سڑک پر تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون کوثر بی بی کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے گھریلو تنازع پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ سڑک پر پیش آنے والے اس واقعے کے دوران اردگرد موجود افراد نے مدد کے لیے آگے بڑھنے کے بجائے ویڈیو بنانا شروع کر دی، جس نے شہری ذمہ داری اور معاشرتی رویوں پر بھی سوالات کھڑے کر دیے۔
یہ بھی پڑھیں : اختیارات کا نا جائز استعمال بے نقاب ،لاہور پولیس کے 4 اہلکاروں کےخلاف انکوائری شروع
ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم منیر حسین کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ گھریلو ناچاقی کے باعث اس کی اہلیہ کوثر بی بی گھر سے باہر آ گئی تھی اور گھر واپس جانے سے انکار پر اس نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کے مطابق کسی بھی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے یا تشدد کا حق حاصل نہیں، جبکہ خواتین پر تشدد جیسے واقعات کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایسے واقعات میں فوری مدد کے بجائے لوگ صرف ویڈیو بنانے تک کیوں محدود رہ جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق معاشرے میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قانون کے ساتھ ساتھ شہری شعور اور بروقت مدد کا جذبہ بھی ضروری ہے۔








