اختیارات کا نا جائز استعمال بے نقاب ،لاہور پولیس کے 4 اہلکاروں کےخلاف انکوائری شروع

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں شنگھائی برج کے قریب مبینہ بدعنوانی کی وائرل ویڈیو نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے، جس پر ایس ایس پی آپریشنز لاہور توقیر نعیم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چار پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق وائرل ویڈیو میں نظر آنے والےتھانہ فیکٹری ایریا کے کانسٹیبلز عمران، سکندر، قیس اور امجد کو لائن کلوز کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 جولائی کی درمیانی شب پیش آنے والے مبینہ واقعے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کی صداقت کا ہر پہلو سے باریک بینی کے ساتھ جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران اہلکاروں پر عائد الزامات درست ثابت ہوئے تو ان کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور پولیس میں بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے کسی قسم کی گنجائش موجود نہیں۔

توقیر نعیم کے مطابق کسی ایک اہلکار کی غیر قانونی حرکت پوری فورس کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے، اس لیے ایسی غفلت یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں شفافیت، قانون کی پاسداری اور عوام کے اعتماد کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد حقائق کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی ذمہ دار اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے