غیرت کے نام پر زہر یا کوئی اور راز؟ ٹیکسلا میں قتل کاہولناک واقعہ

راولپنڈی( پنجاب پوسٹ ) راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں غیرت کے نام پر پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے نے ایک بار پھر معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ مبینہ طور پر میاں بیوی کو زبردستی زہر پلایا گیا، اور جب پولیس مدد کی غرض سے موقع پر پہنچی تو ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر بھی فائرنگ کر دی۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع 15 ایمرجنسی کال کے ذریعے موصول ہوئی، جس پر ٹیکسلا پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ کر میاں بیوی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں پایا۔ پولیس کے پہنچتے ہی ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی، تاہم اہلکاروں نے جوابی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے صورت حال پر قابو پا لیا۔

پولیس کارروائی کے دوران ایک زخمی ملزم سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ واقعے میں متاثرہ خاتون کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے اس کی جان بچا لی گئی، جبکہ اس کے شوہر افضل کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

تاہم اسپتال میں دورانِ علاج افضل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی اصل وجہ اور دیگر حقائق کا تعین کیا جائے گا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور گرفتار ملزمان کے خلاف تمام دستیاب شواہد کی بنیاد پر مضبوط چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔

اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر غیرت کے نام پر تشدد اور قتل جیسے سنگین جرائم پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور قانون کو ہر صورت حرکت میں لایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے