لاہور(پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے آسٹریلین پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تیسرے مینگو اینڈ ملٹی کلچرل ایونٹ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مختلف مذاہب، ثقافتوں اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ پاکستانی کمیونٹی نے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطن کا حقیقی اور مثبت چہرہ ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی، ثقافت اور روایات کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مینگو اینڈ ملٹی کلچرل ایونٹ بین المذاہب ہم آہنگی، ثقافتی تنوع اور باہمی احترام کا خوبصورت مظہر ہے، جہاں مختلف پس منظر رکھنے والے افراد ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر محبت اور اتحاد کا پیغام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق وہ عالمی سطح پر محبت، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے کے لیے آسٹریلیا آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات مختلف کمیونٹیز کے درمیان اعتماد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آج آسٹریلیا میں پاکستانی آموں کی مٹھاس، پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کے درمیان محبت، خلوص اور بھائی چارے کی علامت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مٹی امن، محبت اور رواداری کی خوشبو سے مہکتی ہے، اور بیرونِ ملک پاکستانی اسی مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی ثقافت، روایات اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مؤثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔











