بہاولنگر: (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن "کلین اینڈ گرین پنجاب” کے تحت شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے بہاولنگر میں جدید اینٹی سموگ گن کا افتتاح کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ جدید ٹیکنالوجی فضائی آلودگی، گرد و غبار اور سموگ میں کمی لانے کے ساتھ ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے جدید اینٹی سموگ گن کا افتتاح کیا اور موقع پر اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر عملی اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب ، پرائمری سے اے آئی کی تعلیم، پڑھائے گا کون؟
انہوں نے بتایا کہ جدید اینٹی سموگ گن شہر کی فضا میں موجود گرد و غبار اور آلودگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ موجودہ ہیٹ ویو کے دوران اس کا استعمال عوامی صحت کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی مفید ثابت ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اینٹی سموگ گن کو شہر کے مختلف علاقوں میں باقاعدگی اور مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے اور شہری صاف و شفاف ماحول میں سانس لے سکیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شہر کو سرسبز، صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔













