لاہور(پنجاب پوسٹ )مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کی ضرورت ہے،وطن عزیز پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے تمام جماعتوں و حکومت کو ایک پیج پر آنا ہو گا،پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی دشمن کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی،مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کر رہی ہے،بڑھتی مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، نائب صدور حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالرؤف، جوائنٹ سیکرٹری محمد یعقوب شیخ، مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، چیئرمین خدمت خلق شفیق الرحمان وڑائچ و دیگر نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب اور بعدازاں وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ملکی صورتحال پر جماعت اسلامی کی ہنگامی مشاورت، مرکزی شوریٰ کا اجلاس کل ہوگا
مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،فتنہ الخوارج دہشتگرد بھارتی ایما پرپاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تاہم قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
سیف اللہ قصوری،حافظ طلحہ سعید،حافظ عبدالرؤف،محمد یعقوب شیخ کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے پاکستان میں اس وقت مہنگائی، بے روزگاری بڑھ رہی ہےلیکن حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں، حکمران اے سی والے دفاتر میں بیٹھ کر صرف دعوے کرنے کی بجائے عملی اقدامات کریں، مہنگائی پر قابو پایا جائے۔
خالد نیک گجر،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی،شفیق الرحمان وڑائچ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں بڑھتے ہوئے سیلابی خطرات سے نمٹنے، ریسکیو رضاکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مسلم ریسکیو مشن کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیاجا رہا ہے،پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے، غیر معمولی بارشیں، دریاؤں میں طغیانی، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور فلیش فلڈ جیسے خطرات ہر سال ہزاروں خاندانوں کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری، جدید تربیت، اداروں کے باہمی تعاون اور عوامی شعور کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔








