لاہور(پنجاب پوسٹ)جماعت اسلامی کی ہنگامی شوریٰ کل طلب ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور عوامی صورتحال پر غور کے لیے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی مجلس شوریٰ کا ہنگامی دو روزہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کل (ہفتہ) سے منصورہ لاہور میں ان کی صدارت میں منعقد ہوگا، جس میں اہم قومی امور پر مشاورت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور:میں پیپلز پارٹی سرگرم، راجہ پرویز اشرف نے نئی ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا
اجلاس میں آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر خصوصی غور کیا جائے گا اور اس حوالے سے جماعت اسلامی کی آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بلوچستان کی صورتحال، ملک میں جاری سیاسی و معاشی چیلنجز، بڑھتی مہنگائی اور عوام کو درپیش مسائل بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عوامی مسائل پر جماعت اسلامی کے آئندہ سیاسی اور عوامی مؤقف کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں، جبکہ تنظیمی معاملات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔










