لاہور( پنجاب پوسٹ) رنگ محل پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چنگ چی رکشہ میں سفر کرنے والی خواتین کو لوٹنے والے دو رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے بتایا کہ گروہ کا ایک رکن رکشہ چلاتا تھا جبکہ خاتون ملزمہ موقع پاکر مسافر خواتین کے پرس اور بیگ چوری کر لیتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی، ٹریفک روانی میں نمایاں بہتری
حالیہ واردات میں ملزمان نے فیصل آباد سے لاہور آنے والی ایک خاتون کو لاری اڈہ سے اپنی سواری میں بٹھایا اور اس کا نقدی سے بھرا بیگ لے کر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی رنگ محل پولیس نے مقدمہ درج کر کے جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو صرف دو روز میں ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : شادمان: 3 کروڑ کی واردات کا ڈراپ سین،گینگ کیسے پکڑا گیا؟
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے نقد اور اسلحہ برآمد کر لیا، جبکہ برآمد شدہ رقم متاثرہ خاتون کے حوالے کر دی گئی۔ خاتون نے رقم کی واپسی پر لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او فرح مشتاق اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے انسداد کے لیے کڑی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے موٹر سائیکل چور گینگ گرفتار








