لاہور: (پنجاب پوسٹ)شادمان کے علاقے میں 3 کروڑ روپے مالیت کی چوری کی واردات کا پولیس نے سراغ لگا کر مبینہ طور پر ڈراپ سین کر دیا۔ شادمان پولیس نے گھریلو ملازمہ سمیت دو ملزمان کو ضلع قصور سے گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی اور موبائل فون ٹریکنگ کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے واردات کے بعد اے ایس پی گلبرگ کو ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک سونپا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
مزید پڑھیں؛کوٹ ادو :5 لڑکیاں اغوا ،پولیس نےکیسےبازیاب کروائیں؟
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ہونے والی گھریلو ملازمہ گزشتہ ایک سال سے شادمان ٹو میں واقع متاثرہ گھر میں ملازمت کر رہی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمہ نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کی اور گھر سے تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کا سونا چوری کرکے فرار ہو گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ روپے نقد، چوری شدہ سونا، آئی فون اور لیپ ٹاپ برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمان، کومل اور افروز، کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او شادمان اور ان کی ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔









