لاہور اور ننکانہ میں بی آئی ایس پی رقوم میں مبینہ کٹوتیوں کا نیٹ ورک کیسے پکڑا گیا ؟

لاہور( پنجاب پوسٹ ) مستحق خواتین کے لیے مختص مالی امداد میں مبینہ غیر قانونی کٹوتیوں کا سلسلہ ایف آئی اے کی کارروائیوں کے بعد بے نقاب ہو گیا۔ ایف آئی اے لاہور زون نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقوم میں خرد برد اور غیر قانونی کمیشن وصول کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے لاہور اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جہاں ملزمان مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی امدادی رقم میں سے فی کس 1500 سے 2500 روپے بطور غیر قانونی کمیشن وصول کر رہے تھے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان کو مبینہ طور پر کمیشن وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ چھاپوں کے وقت امدادی رقم وصول کرنے کے لیے بڑی تعداد میں مستحق خواتین مراکز پر موجود تھیں، جنہیں غیر قانونی کٹوتیوں کے ذریعے مالی نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے متعدد شناختی کارڈز، رجسٹرز، موبائل فونز، بینک کنیکٹ ڈیوائسز اور دیگر متعلقہ ریکارڈ برآمد کیا گیا، جنہیں تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں اور تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا اس مبینہ نیٹ ورک میں مزید افراد بھی شامل ہیں یا نہیں۔ حکام کے مطابق مستحق شہریوں کی امدادی رقوم میں خرد برد یا غیر قانونی کٹوتی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے