پاکستان، پرتگال تعلقات میں نئی جہت؟ گورنر پنجاب نے کس کس شعبہ میں تعاون بڑھانے پر زور دیا

لاہور( پنجاب پوسٹ ) پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومینگوئیس نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جہاں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تجارت، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات موجود ہیں، تاہم بدلتے ہوئے عالمی حالات میں ان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور عملی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے وفود کے باقاعدہ تبادلے سے تجارتی روابط مستحکم ہوں گے اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلیں گے۔

گورنر پنجاب نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے قدرتی حسن اور سیاحتی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحت کے شعبے میں پرتگال کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کی جانب راغب کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

تعلیم کے شعبے پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی طلبہ و طالبات کے لیے پرتگال میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع موجود ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ہائر ایجوکیشن میں اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرامز شروع کیے جانے چاہئیں تاکہ تعلیمی و ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں اور نوجوان نسل ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکے۔

اس موقع پر پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومینگوئیس نے کہا کہ پرتگال پاکستان کے ساتھ تجارت، سیاحت، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط مستقبل میں اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے