25 جولائی کے جلسے میں طاقت دکھائیں گے، آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی حیران کن نتائج دے گی: گورنر پنجاب


لاہور ( پنجاب پوسٹ ) گورنر ہاؤس لاہور میں سیاسی سرگرمیاں اس وقت نمایاں ہو گئیں جب پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران کارکنوں نے اپنے مختلف مسائل اور تحفظات سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا، جس پر سردار سلیم حیدر خان نے انہیں مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ 25 تاریخ کو لاہور میں ہونے والے جلسے میں پیپلز پارٹی اپنی سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی لاہور سمیت پورے پنجاب میں دوبارہ اپنی سیاسی قوت حاصل کر چکی ہے اور آئندہ انتخابات میں جماعت حیران کن نتائج دے گی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن عوام سے رابطہ مزید مضبوط کریں، گلی گلی اور محلے محلے جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن ہی جماعت کا اصل سرمایہ ہیں اور ان کی محنت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے پیپلز پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کے کارکنوں کے لیے کھلے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کی بحالی اور آئین کے تحفظ کے لیے طویل قربانیاں دی ہیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی آج بھی جمہوری عمل کا حصہ ہے اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ کشمیر کے انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی، جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ عوامی مینڈیٹ کے ذریعے وزیراعظم پاکستان بنیں گے۔

ملاقات کے دوران پارٹی کارکنوں نے گورنر پنجاب کے سامنے تنظیمی امور اور عوامی رابطہ مہم سے متعلق معاملات بھی پیش کیے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے