لاہور: (پنجاب پوسٹ) نو مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں فواد چوہدری اور اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانتوں پر انسدادِ دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو نذرِ آتش کرنے، تھانہ شادمان پر حملے سمیت دیگر مقدمات کی سماعت کی۔ فواد چوہدری اور اعظم خان سواتی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔
عدالت نے دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عبوری ضمانتوں سے متعلق دلائل طلب کر لیے۔
اعظم خان سواتی نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور دیگر نو مئی مقدمات میں جبکہ فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے سمیت مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتیں حاصل کر رکھی ہیں۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں پر بغاوت، جلاؤ گھیراؤ اور کارکنوں کو پرتشدد کارروائیوں پر اکسانے کے الزامات ہیں، جن پر قانونی کارروائی جاری ہے۔













