کیا پاکستان میں سرمایہ کاری کا رجحان بدل رہا ہے؟ اسٹاک مارکیٹ میں نئے سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ


لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں عوامی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ایک سال کے دوران اسٹاک مارکیٹ سے منسلک نئے سرمایہ کاروں کی تعداد میں ریکارڈ 48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق گزشتہ ایک سال میں ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ کا حصہ بنے، جس کے بعد سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایس ای سی پی کے اعداد و شمار کے مطابق نئے سرمایہ کاروں میں نوجوانوں کا حصہ نمایاں رہا۔ نئے شامل ہونے والے سرمایہ کاروں میں 45 فیصد افراد کی عمر 18 سے 30 سال کے درمیان ہے، جبکہ 31 سے 45 سال عمر کے افراد کا حصہ 41 فیصد رہا۔

شہروں کے لحاظ سے کراچی نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس کے حوالے سے 25 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ لاہور سے 16 فیصد نئے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں شامل ہوئے۔ اسی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی سے 13 فیصد نئے سرمایہ کار مارکیٹ کا حصہ بنے۔

ایس ای سی پی کے مطابق سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مختلف اصلاحات متعارف کرائی گئیں، جن میں سہولت اکاؤنٹ کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنا، بینکوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ کار آسان بنانا، آئی بی اے این ویریفکیشن اور مائنر ٹریڈنگ اکاؤنٹس جیسے اقدامات شامل ہیں۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو کیپٹل مارکیٹ سے منسلک کرنا ترجیح ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کو مزید آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل آن بورڈنگ موبائل ایپ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے، تاکہ شہری کم وقت میں سرمایہ کاری کے عمل کا حصہ بن سکیں۔

ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ عوام کی بچت کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرکے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ ایس ای سی پی کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع کو آسان، تیز اور ہر شہری کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی شرکت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان میں روایتی بچت کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے نئے رجحانات بھی فروغ پا رہے ہیں، تاہم مارکیٹ میں شمولیت کے ساتھ مالیاتی آگاہی اور ذمہ دارانہ سرمایہ کاری بھی اہم رہے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے