ایکسپائرڈ چاکلیٹ، امپورٹڈ اشیا میں سنڈیاں اور سسریاں، لاہور میں بچوں کو کیا زہر کھلایا جارہا ہے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈائریکٹر آپریشنز سلمیٰ بٹ کی نگرانی میں لاہور کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی اور ایکسپائرڈ اشیائے خورونوش فروخت کرنے والے متعدد یونٹس سیل کر دیے گئے، بھاری مقدار میں غیر معیاری مصنوعات تلف کی گئیں جبکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ٹاؤن شپ میں کارروائی کے دوران ایک خفیہ پلانٹ بے نقاب کیا گیا جہاں درآمد شدہ پرنگلز چپس، نیوٹیلا چاکلیٹ اسپریڈ، بسکوف لوٹس بسکٹ سمیت مختلف برانڈڈ مصنوعات کی ایکسپائری تاریخ تبدیل کر کے فروخت کی جا رہی تھی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی مقدار میں اشیا تلف کرتے ہوئے مالک کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر دیا۔


گلبرگ میں ایک بیکری کے پروڈکشن پلانٹ کی چیکنگ کے دوران کھانے کی اشیا کے ساتھ کاکروچ، سُسری، سنڈی زدہ سوجی اور ناقص صفائی کی صورتحال سامنے آنے پر دونوں پروڈکشن سیکشنز سیل کر دیے گئے۔ حکام کے مطابق تمام ایس او پیز پر عمل درآمد تک پلانٹ بند رہے گا اور مالک پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔


اسی طرح لکشمی چوک کی ایک معروف بیکری کے پروڈکشن یونٹ کے معائنے میں فریزر سے کاکروچ، فنگس زدہ اور ایکسپائرڈ اجزا برآمد ہونے پر یونٹ سیل کر دیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق مکمل صفائی اور قانونی تقاضے پورے ہونے تک یونٹ بند رہے گا۔
گلبرگ میں ایک اور کارروائی کے دوران درآمد شدہ گوڈیوا چاکلیٹ، لوآکر ویفرز اور دیگر بسکٹ و چاکلیٹس کی ایکسپائری تاریخ تبدیل کر کے بڑے اسٹورز پر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا۔ تمام مصنوعات تلف کر دی گئیں، یونٹ سیل کر دیا گیا جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔


ادھر سندر اسٹیٹ میں ایک گودام کی چیکنگ کے دوران بچوں کی استعمال کی 77 مختلف مصنوعات، جن میں کینڈی، بسکٹ، جیلی اور چپس شامل تھے، کا 44 ٹن ایکسپائرڈ اسٹاک برآمد کر کے تلف کر دیا گیا۔ گودام منیجر نے اعتراف کیا کہ بعض ڈیلرز ایکسپائرڈ مصنوعات خرید کر ان کی تاریخ تبدیل کر کے دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں۔
ڈائریکٹر آپریشنز سلمیٰ بٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہریوں، بالخصوص بچوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، اور ملاوٹ و جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے