پنجاب کا منفرد گاؤں، عالمی میڈیا کی کوریج، اس گاؤں میں مفت پلاٹ کیسے حاصل کریں؟

ننکانہ صاحب(پنجاب پوسٹ) پاکستان میں جہاں زمین کی قیمتیں مسلسل آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور ایک چھوٹا سا پلاٹ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے، وہیں پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل میں واقع گاؤں کوٹ رحمت خاں آج بھی اپنی ایک صدی پرانی منفرد روایت کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس گاؤں میں اگر کوئی شخص مستقل رہائش اختیار کرنا چاہے تو اسے گھر بنانے کے لیے زمین خریدنے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ گاؤں کے مالکان اسے مفت رہائشی پلاٹ فراہم کرتے ہیں۔
مقامی رہائشی ظفر اقبال کے مطابق پورا گاؤں تقریباً ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل ہے اور یہاں موجود رہائشیوں کی اپنی ذاتی زمین نہیں۔ ہسپتال، سرکاری سکول، کھیل کا میدان، قبرستان اور دیگر عوامی سہولیات بھی اعوان خاندان کی جانب سے دی گئی زمین پر قائم ہیں۔


رپورٹ کے مطابق گاؤں میں بجلی، گیس، پانی، پختہ گلیاں، ہسپتال، سکول اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔ یہاں چار ڈیرے بھی موجود ہیں جو چوبیس گھنٹے کھلے رہتے ہیں، جہاں مہمانوں کی میزبانی کے ساتھ ساتھ شادی بیاہ اور دیگر سماجی تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گاؤں میں ہونے والے بیشتر تنازعات پولیس کے پاس لے جانے کے بجائے مقامی سطح پر افہام و تفہیم سے حل کیے جاتے ہیں، جبکہ اعوان خاندان کبھی کسی رہائشی کو گاؤں چھوڑنے پر مجبور نہیں کرتا۔
اردو نیوز کے مطابق مفت زمین دینے کی روایت تقسیمِ برصغیر سے قبل ملک رحمت خان نے شروع کی تھی، جسے آج ان کی پانچویں نسل بھی اسی جذبے کے ساتھ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
موجودہ وارث ملک سلطان صغیر اعوان کا کہنا ہے کہ گاؤں میں آج بھی رہائشی زمین موجود ہے، اور جو بھی مستقل رہائش اختیار کرنا چاہے وہ مالکان سے رابطہ کر کے مفت زمین حاصل کر سکتا ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق کئی نسلیں اسی گاؤں میں سکون اور باہمی محبت کے ماحول میں پروان چڑھ چکی ہیں اور آج تک کسی کو یہاں سے بے دخل نہیں کیا گیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے