میانوالی کے لئے تاریخی پیش رفت، وزیر اعلیٰ نے بڑا اعلان کر دیا

میانوالی ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلع میانوالی میں طبی تعلیم اور صحت کی سہولیات کو نئی جہت دینے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کو ٹیچنگ ہسپتال میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک بااختیار ٹرانزیشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو نہ صرف اپ گریڈیشن کے تمام مراحل کا جائزہ لے گی بلکہ آئندہ لائحہ عمل بھی مرتب کرے گی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسپیشل سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ممبر/سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی کمشنر میانوالی اور سی ای او ہیلتھ میانوالی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے تاکہ منصوبے کے ہر پہلو پر جامع انداز میں کام کیا جا سکے۔

کمیٹی کا بنیادی مقصد ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کو جلد از جلد ٹیچنگ ہسپتال میں تبدیل کرنے کے لیے درکار انتظامی، تکنیکی اور مالی اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔ اس سلسلے میں موجودہ ہسپتال کی عمارت میں درکار انفراسٹرکچر، سہولیات، آلات اور مالی وسائل کا تفصیلی تخمینہ بھی تیار کیا جائے گا تاکہ منصوبے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

اس منصوبے کا ایک اور اہم پہلو میانوالی میڈیکل کالج کا قیام ہے۔ حکومتی پلان کے مطابق، جیسے ہی ٹیچنگ ہسپتال نئی عمارت یا اپ گریڈ شدہ نظام کے تحت فعال ہوگا، موجودہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی خالی ہونے والی عمارت میں فال 2026 سیشن سے میانوالی میڈیکل کالج کی کلاسز شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف ضلع کے طلبہ کو اپنے علاقے میں میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا بلکہ مقامی سطح پر صحت کی سہولیات میں بھی نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔

نوٹیفکیشن میں کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ 30 روز کے اندر اپنی سفارشات، عملی منصوبہ اور عملدرآمد کی رپورٹ تیار کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے تاکہ منصوبے پر بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔

یہ نوٹیفکیشن وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ اب نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا یہ اقدامات میانوالی کو ایک جدید ٹیچنگ ہسپتال اور میڈیکل کالج کی صورت میں وہ شناخت دلا سکیں گے جس کا خواب علاقے کے عوام طویل عرصے سے دیکھ رہے ہیں، یا پھر یہ منصوبہ بھی ماضی کے کئی اعلانات کی طرح صرف کاغذوں تک محدود رہ جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے