لاہور( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست گورننس وژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عوامی تحفظ میں کردار ادا کرنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے "ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ” مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق بچوں کی گمشدگی، ہراسانی، مشکوک سرگرمیوں، لاوارث اشیاء، جرائم یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کی بروقت اطلاع دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرنے والے شہریوں کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق پہلا "ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ” لاہور کے ایک شہری کو دیا گیا، جس نے پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے ایک لاوارث بچے کی بروقت اطلاع دی۔ شہری کی ذمہ دارانہ کارروائی کے باعث بچے کو بحفاظت اس کے اہل خانہ سے ملا دیا گیا، جس پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے انہیں اعزاز سے نوازا۔
سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی تحفظ سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع 15 پر دیں یا پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے مدد اور معلومات فراہم کریں تاکہ وہ بھی "ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ” مہم کا حصہ بن سکیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاوارث بچوں کی نشاندہی، ضرورت مند افراد کی مدد اور عوامی تحفظ میں تعاون کرنے والے شہری معاشرے کے حقیقی معاون ہیں، اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ایسے ذمہ دار شہریوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گی۔











