کیا کاہنہ جیسے سانحات دوبارہ نہیں ہوں گے؟ پنجاب حکومت کا ایک بڑا پروگرام شروع

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے بعد پنجاب حکومت نے خستہ حال اور غیر محفوظ گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے "اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب صرف نئے گھر بنانے تک محدود نہیں رہا جائے گا بلکہ کمزور، بوسیدہ اور مخدوش گھروں کی مرمت اور مضبوطی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

اجلاس میں "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے دو نئی کیٹیگریز متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔ پہلی کیٹیگری کے تحت کمزور چھتوں اور مخدوش گھروں کی مرمت و محفوظ بنانے کے لیے 5 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ دوسری کیٹیگری کے تحت گھر میں اضافی منزل یا نئی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد خاندانوں کے قرض منظور کیے جا چکے ہیں، جن میں سے ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض جاری بھی کیا جا چکا ہے، جبکہ ایک لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل ہو چکے ہیں اور 27 ہزار سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ منصوبے کے لیے 217.8 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد خاندانوں نے اسکیم میں درخواستیں دے رکھی ہیں۔

اجلاس میں "اپنی زمین اپنا گھر” پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت 23 اضلاع میں 2 ہزار بے گھر خاندانوں کو مفت پلاٹ دیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان خاندانوں کو گھر تعمیر کرنے کے لیے آسان قرض بھی فراہم کیا جائے اور قرض کے حصول کے طریقہ کار کو مزید سہل بنایا جائے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ اچھی حکمرانی کا مطلب صرف بیانات دینا نہیں بلکہ مشکل وقت میں فوری اور عملی اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن شہریوں کے گھر مخدوش یا چھتیں کمزور ہیں، پنجاب حکومت انہیں محفوظ بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گی، جبکہ "اپنی چھت اپنا گھر” اور اس سے منسلک تمام منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے