لاہور ( پنجاب پوسٹ )پنجاب میں سیاسی ہم آہنگی، مؤثر قانون سازی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید تیز کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی و عالمی صورتحال سے لے کر جیل اصلاحات، قانون سازی اور عوامی منصوبوں تک متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو باہمی تعاون اور مثبت سیاسی ماحول کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ عوامی مفاد سے متعلق قانون سازی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بطور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومتی اور اپوزیشن دونوں اراکین کو قانون سازی کے عمل میں بھرپور انداز سے شامل کیا جائے تاکہ بہتر اور متوازن قوانین تشکیل دیے جا سکیں۔ اس موقع پر جیل اصلاحات کے لیے مجوزہ قانون سازی پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : لالک جان شہید کی لازوال قربانی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کا خراجِ عقیدت
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نیشنل پیغامِ امن کمیٹی میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پیش کی گئی پالیسی کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے کامیاب آغاز اور قرعہ اندازی پر مبارکباد بھی دی اور کہا کہ یہ منصوبہ دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ "اپنا کھیت، اپنا روزگار” کسی ایک فرد نہیں بلکہ پوری حکومتی ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ہر روز عوام کی فلاح کے لیے نئے منصوبے متعارف کرا رہی ہے اور اب خصوصی توجہ ان پسماندہ علاقوں پر مرکوز ہے جہاں ترقی کی رفتار ماضی میں سست رہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں الیکٹرک بسوں کی سہولت، جدید زرعی مشینری اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے ترقی کا نیا باب رقم کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے ذریعے 30 ہزار بے روزگار خاندانوں کو نہ صرف زمین بلکہ باعزت روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں، جس سے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور غربت میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ عوامی مفاد، مؤثر قانون سازی اور ترقیاتی منصوبوں پر اسی رفتار سے کام جاری رکھا جائے گا تاکہ پنجاب میں ترقی کے ثمرات ہر شہری تک پہنچ سکیں۔








