ٹیکس نظام مکمل ڈیجٹیلائز،پنجاب حکومت نے 97ارب اضافی ٹیکس وصول کیا،مجتبیٰ شجاع الرحمان

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ نئے مالی سال میں پنجاب کے ٹیکس نظام کی مکمل ڈیجٹیلائزیشن کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ جعلی انوائسنگ، ٹیکس چوری اور نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کے زیر اہتمام سالانہ اسٹریٹجک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سسٹم سے بدعنوانیوں کے خاتمے کے لیے انفورسمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور غیر رجسٹرڈ کاروباروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں پی آر اے نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 97 ارب روپے سے زائد اضافی ٹیکس وصول کیا، جو ادارے کی شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر پی آر اے کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ صوبائی محصولات میں اضافہ وفاق پر انحصار کم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے، جبکہ زیادہ محصولات کا مطلب عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس اصلاحات کا مقصد نظام کو شفاف اور مؤثر بنانا ہے، عوام پر اضافی بوجھ ڈالنا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛پنجاب میں 9 ادویات کے بیچز غیر معیاری قرار، محکمہ صحت کا فوری الرٹ

انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں پہلے سے نافذ ٹیکسز کی وصولیوں کو بہتر بنایا جائے گا، پی آر اے کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا اور ٹیکسوں میں خردبرد کرنے والوں کا بلاامتیاز احتساب ہوگا۔

وزیر خزانہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خدمات کے بل ادا کرتے وقت لازمی پکی رسید طلب کریں اور ای بل یا ڈیجیٹل ادائیگی سے انکار کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ شفاف ٹیکس نظام کے قیام میں عوامی تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔

بعد ازاں وزیر خزانہ نے مالی سال 2025-26 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پی آر اے افسران میں اسناد بھی تقسیم کیں۔

اس موقع پر چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں ادارے نے اپنی تاریخ کا سب سے زیادہ ریونیو اکٹھا کیا، جبکہ ای سسٹم کے نفاذ سے ٹیکس نظام میں بدعنوانیوں کے خاتمے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں مزید اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی کیونکہ شفافیت کے بغیر محصولات کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے