فیصل آباد ( پنجاب پوسٹ ) فیصل آباد پولیس کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں جرائم کے خاتمے، مؤثر پولیسنگ اور بہترین عوامی خدمت کے اعتراف میں ضلع کے چار ایس ایچ اوز کو قائداعظم ایوارڈ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی جانب سے ضلع کے چار تھانوں کے ایس ایچ اوز کے نام قائداعظم ایوارڈ کے لیے صدرِ پاکستان کو بھجوانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ نامزد ہونے والے افسران میں ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد سب انسپکٹر رانا ساجد محمود، ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی سب انسپکٹر ظہیر اختر گل، ایس ایچ او تھانہ روشن والا انسپکٹر رائے شاہد اور ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ سب انسپکٹر مظفر کھوکھر شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لالک جان شہید کی لازوال قربانی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کا خراجِ عقیدت
ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران نے اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں، قانون شکن عناصر کی گرفتاری، امن و امان کے قیام اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں، جس کے اعتراف میں ان کے نام اس اعزاز کے لیے تجویز کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے قائداعظم ایوارڈکے لیے نامزدگی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیت، محنت اور محکمانہ کارکردگی کا اعتراف ہے۔ ان افسران کی کارکردگی نہ صرف پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ دیگر اہلکاروں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ضلع فیصل آباد میں قائداعظم ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز سابق ریٹائرڈ ڈی ایس پی نشاط آباد رانا عمر دراز کو حاصل ہو چکا ہے۔
شہری، سماجی اور کاروباری حلقوں نے چاروں پولیس افسران کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اعزازات پولیس افسران کو مزید بہتر کارکردگی دکھانے اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔













