لاہور: ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں کے حوالے سے حکومت نے بڑے دعوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف 75 دنوں میں 1129 سڑکیں مکمل کر کے ترقی کی رفتار، معیار اور شفافیت کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جہاں جاری اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال اپریل سے جولائی تک تقریباً 6 ہزار کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک مکمل کیا گیا، جبکہ صرف 75 دنوں میں 30 ارب روپے کی لاگت سے 1129 سڑکیں اور 1795 کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک تعمیر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس کارکردگی پر محکمہ تعمیرات اور فیلڈ اسٹاف کو سراہتے ہوئے کہا کہ دن رات تین شفٹوں میں کام کر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن بنائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : مریم نواز کی کارکردگی ہی الزامات کا جواب ہے ، عظمیٰ بخاری کا موقف
بریفنگ کے مطابق وزیراعلیٰ کے دور میں مجموعی طور پر 32 ہزار سڑکیں مکمل کی جا چکی ہیں۔ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 79 ارب روپے کی لاگت سے 1567 منصوبے شروع کیے گئے، جن کے ذریعے 3400 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تعمیر یا بحال کی جا رہی ہیں۔ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی شرح بھی 99 فیصد تک پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ روڈ ریسٹوریشن منصوبوں میں مؤثر منصوبہ بندی کے باعث 11 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی کی گئی۔ اسی دوران 93.5 کلومیٹر طویل ملتان-وہاڑی ڈوئل روڈ، 24 کلومیٹر فیصل آباد-چنیوٹ ڈوئل روڈ اور 13 کلومیٹر طویل ٹورازم ہائی وے ڈوئل روڈ بھی مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ سیلاب سے متاثرہ 124 سڑکوں کی بحالی کا کام بھی مکمل ہونے کی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت 6 نئے جدید سروس ایریاز قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جن سے سالانہ تقریباً 50 کروڑ روپے آمدن متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ یہ تمام سروس ایریاز رواں سال دسمبر تک فعال کیے جائیں اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
مزید بتایا گیا کہ نئے مالی سال میں سڑکوں کی تعمیر کے 42 نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جبکہ نئی شاہراہوں کی تعمیر کے لیے 51 ارب روپے، لوکل روڈز کے لیے 17 ارب روپے اور وزیراعلیٰ انیشیٹو کے لیے 17.23 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں پنجاب بھر کی شاہراہوں کے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کی خوبصورتی، لین مارکنگ اور زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے جامع پلان بھی پیش کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں جاری تمام سڑکوں کے منصوبوں کی حتمی ٹائم لائن پیش کی جائے اور ہر منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کر کے عوام کو بہتر، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔











