لاہور: (پنجاب پوسٹ) پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف معین الدین ریاض قریشی نے امن و امان، خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم، جیل اصلاحات اور سیاسی کارکنوں سے متعلق معاملات پر فوری اجلاس بلانے کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ریکوزیشن جمع کرا دی۔
ریکوزیشن قائدِ حزبِ اختلاف معین الدین ریاض قریشی، شیخ امتیاز، رانا شہباز اور فرخ جاوید مون نے جمع کروائی۔
ریکوزیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، خواتین خصوصاً غیر ملکی خاتون کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ ریپ کے واقعے، جیل اصلاحات، سیاسی کارکنوں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک، پی ٹی آئی قیادت کی صحت اور عمران خان کی جیل میں صحت، علاج اور سہولیات سے متعلق معاملات انتہائی اہم نوعیت کے ہیں، جن پر فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے مؤقف اختیار کیا کہ خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم، ریپ، ہراسگی، اغوا، قتل، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز سے عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، جبکہ حالیہ غیر ملکی خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے ملک کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔
ریکوزیشن میں پنجاب کی جیلوں کی صورتحال، قیدیوں کو بنیادی سہولیات اور طبی سہولتوں کی فراہمی، سیاسی کارکنوں خصوصاً خواتین کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک اور عمران خان کو جیل رولز، عدالتی احکامات اور بنیادی انسانی حقوق کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
اپوزیشن نے جیل سے رہائی پانے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی مبینہ پراسرار اموات، تشدد اور دورانِ حراست ناروا سلوک کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تمام معاملات پر ایوان کا فوری اجلاس ناگزیر ہے تاکہ حکومت سے جواب طلبی اور ضروری اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔













