غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی کیس، تین ملزمان پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر


لاہور(پنجاب پوسٹ)عدالت میں ملزمان نے بیان دینے اور وکیل کرنے سے انکار، زخمی ملزم وحید عرف باس پیش نہ کیا جا سکا۔دو غیر ملکی خواتین سے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے مقدمے میں گرفتار مزید تین ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے تفتیش جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔
عدالت میں ملزمان رضوان، نواز اور ناصر کو پیش کیا گیا، جہاں سرکاری استغاثہ کی جانب سے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر میاں ساجد محمود پیش ہوئے اور ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
دورانِ سماعت عدالت نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں، جس پر ملزمان نے جواب دیا کہ وہ کچھ نہیں کہنا چاہتے۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ آیا ان کی جانب سے کوئی وکیل موجود ہے، تاہم ملزمان نے بتایا کہ ان کی طرف سے کوئی وکیل بھی نہیں ہے۔


عدالت نے دلائل سننے کے بعد تینوں ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے مزید تفتیش کی اجازت دے دی، جس کے بعد پولیس ملزمان کو اپنی تحویل میں لے کر روانہ ہوگئی۔
دوسری جانب مقدمے کے ایک اور ملزم وحید عرف باس کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔ پولیس کے مطابق ملزم زخمی ہونے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہے، اس لیے اسے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
ادھر کمرہ عدالت میں ایک ملزم نے پانی طلب کیا، جس پر ایک پولیس اہلکار نے اپنے ساتھی کو ہدایت کی کہ ملزم کی طبیعت خراب ہو رہی ہے، اسے پانی دیا جائے۔ بعد ازاں پولیس اہلکار نے بتایا کہ مذکورہ ملزم کا ایک ہی گردہ ہے، جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر اس کی طبیعت ناساز ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے اور جسمانی ریمانڈ کے دوران کیس کے دیگر شواہد اکٹھے کیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے