لاہور(پنجاب پوسٹ) ایدھی فاؤنڈیشن لاہور نے ماہِ جون 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ادارے نے گزشتہ ماہ شہر بھر میں ہزاروں افراد کو بلاامتیاز اور مفت امدادی، طبی اور فلاحی خدمات فراہم کیں۔
رپورٹ کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن نے لاہور کے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں سے 4 ہزار 741 مریضوں اور میتوں کو مفت ایمبولینس سروس کے ذریعے ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کیا۔ اسی دوران مختلف وجوہات کے باعث جاں بحق ہونے والے ایک ہزار 268 افراد کی میتیں ان کے آبائی گھروں تک پہنچائی گئیں، جبکہ حادثات میں جاں بحق ہونے والے 31 افراد کی لاشیں مردہ خانوں میں منتقل کی گئیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق گزشتہ ماہ مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے 287 افراد کو بروقت طبی امداد کے لیے لاہور کے مختلف اسپتالوں تک پہنچایا گیا۔ ایدھی بایومیٹرک ٹیم نے شناخت پروگرام کے تحت 22 نامعلوم لاشوں کی بایومیٹرک شناخت مکمل کی، جبکہ 34 لاوارث افراد کی تدفین بھی کی گئی، جن میں 31 مرد اور 3 خواتین شامل تھیں۔ علاوہ ازیں ایدھی سردخانے میں 62 افراد کی غسل و کفن کی آخری رسومات بھی ادا کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں قائم ایدھی ہوم میں اس وقت 294 افراد زیرِ کفالت ہیں، جبکہ جون کے دوران 78 افراد کو بحفاظت ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے فری لنگر پروگرام کے تحت روزانہ ایک وقت کا مفت اور معیاری کھانا 11 ہزار 335 مستحق افراد کو فراہم کیا گیا۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ ادارہ بانی عبد الستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے بلا رنگ، نسل اور مذہب ہر ضرورت مند تک اپنی خدمات پہنچانے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔
فاؤنڈیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ایدھی کنٹرول روم کے ہیلپ لائن نمبر 115 پر رابطہ کریں۔








