لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن اور حفاظتی معیار کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 30 غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے باضابطہ کارروائی کی درخواست کر دی ہے۔ حکام کے مطابق ان اداروں کو رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم بارہا تنبیہ کے باوجود متعلقہ انتظامیہ نے قوانین پر عملدرآمد نہیں کیا۔
تعلیمی اداروں کی جانچ کے جاری عمل کے دوران غیر رجسٹرڈ اسکولوں کے سروے کی ڈیڈ لائن بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ شہر کا کوئی بھی ادارہ نگرانی سے باہر نہ رہے۔ اس مقصد کے لیے محکمہ تعلیم نے اپنے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پرائیویٹ سکولوں کی موجیں ختم، کن اداروں پر 40 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا؟
سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی طارق محمود کے مطابق اتوار کے روز بھی سروے کا عمل جاری رہے گا اور تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پیر تک لاہور کے تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کا سروے مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 744 سے زائد نجی تعلیمی اداروں کو مختلف نوعیت کے نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔ سروے مکمل ہونے کے بعد رجسٹریشن، عمارتوں کی فٹنس اور دیگر قانونی تقاضوں پر پورا نہ اترنے والے اداروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم کا مؤقف ہے کہ اس مہم کا مقصد صرف قانون پر عملدرآمد نہیں بلکہ طلبہ کو محفوظ، معیاری اور قواعد کے مطابق تعلیمی ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔









