لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان سے بچنے اور شناخت چھپانے کے لیے نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ماہِ جون کے دوران کیے گئے اس آپریشن میں 21 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
سی ٹی او نے بتایا کہ بوگس اور جعلی نمبر پلیٹس لگانے پر 72 مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں دھوکہ دہی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، کیونکہ قانون شکن عناصر اپنی شناخت چھپانے کے لیے جعلی پلیٹس کا استعمال کرتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، بغیر نمبر پلیٹ یا اپلائیڈ فار گاڑیوں کے 9 ہزار 434، فینسی یا غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر 5 ہزار 723، جبکہ نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا کرنے یا ماڈل چھپانے پر 5 ہزار 552 گاڑیوں کو چالان کیا گیا ہے۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ کار کا جرمانہ 3 سے 5 ہزار جبکہ موٹر سائیکل کا جرمانہ 1 ہزار روپے ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی ٹرانسفر کروانے کی صورت میں پرانے نمبر کی بجائے نیا یونیورسل نمبر لگایا جائے اور صرف ایکسائز کے منظور شدہ نمونے کی نمبر پلیٹس ہی استعمال کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن گاڑیوں پر ایکسائز کے نمونے کے مطابق پلیٹس لگی ہیں، انہیں کوئی چالان نہیں کیا جا رہا۔ اس مہم کے دوران 50 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی ہے۔












