لاہور( پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر نوجوانوں کے لیے ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں 16 سے 18 سال کے نوجوان جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کر رہے ہیں۔ گزشتہ 2 ہفتوں میں 6 ہزار سے زائد نوجوانوں نے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کیے، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے 1200 سے زائد نوجوانوں کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے۔
ترجمان نے بتایا کہ صوبہ بھر میں بغیر ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں کم عمر ڈرائیورز کو 3 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے دو ہفتوں میں کم عمر ڈرائیورز کو 800 سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا اب ہر ٹریفک چالان کا ثبوت بھی ملے گا؟ پنجاب میں نیا ڈیجیٹل نظام نافذکیا
ترجمان کے مطابق انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت کاروائیاں جاری رہے گئی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے قانون میں ترمیم کر کے ڈرائیونگ پرمٹ کی سہولت رکھی گئی ہے۔ والدین اپنے بچوں کو موٹرسائیکل دینے سے پہلے ان کا جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ بنوائیں۔
انہوں نے کہا کہ جوینائل ڈرائیونگ پرمٹ پر 125 سی سی تک موٹر سائیکل یا سکوٹی چلانے کی اجازت ہے، جبکہ جوینائل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے سمارٹ کارڈ یا ب فارم لازمی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے مطابق جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کی سالانہ فیس 500 اور خلاف ورزی پر جرمانہ 2 ہزار ہے۔ جوینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے نوجوان اپنے قریبی لائسنسنگ سینٹر کا وزٹ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ پرمٹ رکھنے والے نوجوان موٹر سائیکل اور سکوٹی پر ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ لین لائن، سگنلز اور حد رفتار کی پابندی محفوظ سفر کے لیے لازمی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے خبردار کیا کہ ون وے، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے پر سخت قانونی کاروائی ہوگی۔
محمد وقاص نذیر نے کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہے، وہ قانون کی پابندی کریں۔









